وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیان سے بنگال ریاستی یونٹ مایوس،ممتابنرجی پربیان دینے سے انکار
کولکاتہ، 15 اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی ذات یامذہب کی بنیاد پر نہیں، بلکہ انسانیت اور انصاف کی بنیاد پر ملک چلانا چاہتی ہے۔یہ کہنا ہے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا۔سنگھ نے یہ بیان اس وقت دیا جب نامہ نگاروں نے اس دعوے پر ان کی رائے پوچھی کہ مغربی بنگال میں ہندو آبادی کم ہو رہی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میں ذات، برادری اور مذہب سے متعلق کسی سوال کا عام طور پر جواب نہیں دیتا، میرا خیال ہے کہ بی جے پی ذات، برادری اور مذہب کی بنیاد پر ملک نہیں چلانا چاہتی، ہم انسانیت اور انصاف کی بنیاد پر ملک چلانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت مند جمہوریت میں تصادم کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے، ہمیں ملک کو آگے لے جانے کے لئے ہر کسی کے تعاون کی ضرورت ہے، ہمیں اس حقیقت کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سیاسی جدوجہد یا سیاسی تشدد گڈ گورننس اور ترقی کی جگہ نہیں لے سکتی۔راج ناتھ سنگھ نے ریاست میں ممتا بنرجی حکومت کے خلاف کوئی لفظ نہیں کہا، جس سے پارٹی کی ریاستی یونٹ کو مایوسی ہوئی۔ انہوں نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی طرف سے منظور اس تجویز پر بھی کچھ نہیں کہا،جس ترنمول کانگریس پر جہادی عناصر کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ ہونے کے ناطے، میں بہت سے معاملات پر عوامی طور پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔راج ناتھ سنگھ نے ممتابنرجی کے سرپرانعام کااعلان کرنے والے بی جے پی کے نوجوان لیڈر کے بارے میں کہا کہ یہ معاف نہیں کیا جا سکتا۔